الجزیرہ نیوز چینل نے یمنی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ امریکہ اور انگلینڈ نے آج اتوار کی شام صوبہ الحدیدہ (مغربی یمن) میں واقع "جدع" کی بلندیوں کو نشانہ بنایا۔
یمن میں المیادین نیٹ ورک کے رپورٹر نے اطلاع دی ہے کہ الحدیدہ کے آسمان پر امریکی جاسوس ڈرون اور جنگجو پرواز کر رہے ہیں۔ یمنی سرکاری ذرائع نے ابھی تک ان حملوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی وزیر خارجہ "ڈیوڈ کیمرون" نے آج سہ پہر خبردار کیا تھا کہ اگر مال بردار بحری جہازوں کو روکا جاتا رہا تو برطانیہ میں اشیاء کی قیمتیں بڑھ جائیں گی اور اسی وجہ سے وہ یمن پر دوبارہ حملہ کریں گے۔
گذشتہ جمعہ کو بھی امریکہ اور برطانیہ نے اس لیے یمن کے 16 مقامات کو نشانہ بنایا جن میں حدیدہ ہوائی اڈہ، کہلان کیمپ، الدیلمی بیس اور زبید کے علاقے شامل ہیں، تاکہ آبنائے باب المندب میں صنعا حکومت کے اقدامات کا جواب دیا جا سکے۔
انصار اللہ کے ایک اہلکار نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ ان حملوں کے بعد انہوں نے بحیرہ احمر اور باب المندب میں امریکی جنگی جہازوں پر متعدد میزائل داغ کر یہ واضح پیغام دیا کہ ان حملوں سے یمنیوں کے جذبے اور ارادے میں کوئی کمی نہیں آئی۔