سی این این کی خصوصی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر اسرائیلی وزیر اعظم کے جنگی جرائم کے ارتکاب پر وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سی این این کے سینئر اینکر کرسچن امان پور نے رپورٹ کیا کہ ہیگ کی عدالت انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم کے ارتکاب پر بنیامین نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اس سینئر امریکی میڈیا اینکر کے مطابق بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر کریم خان نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ نیتن یاہو، حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ یحییٰ السنوار کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
امان پور کے مطابق، ہیگ کی عدالت کے پراسیکیوٹر جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں نیتن یاہو، السنوار اور "کچھ دیگر" کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
حالیہ ہفتوں میں غزہ جنگ کے سلسلے میں اسرائیلی وزیر اعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کے امکان کے بارے میں کئی رپورٹیں شائع ہوئی ہیں۔
اس خبر کے نتیجے میں امریکہ کی طرف سے منفی ردعمل سامنے آیا اور امریکی سینیٹ کے ارکان کے ایک گروپ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے اعلیٰ حکام سے ملاقات میں اسرائیلی حکام کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کے امکان پر تشویش کا اظہار کیا۔